خاتون کو 28 سال سے زائد عرصہ مقدمے میں الجھائے رکھنے پر سپریم کورٹ نے سابق شوہر کو پانچ لاکھ روپے اخراجاتِ مقدمہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے گھر پر سابق شوہر کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے خاتون کو مالک قرار دے دیا اور متعلقہ حکام کو ملکیتی ریکارڈ درست کرنے کی ہدایت کردی۔
جسٹس شاہد وحید اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے محمد اقبال کی اپیل خارج کردی۔
جسٹس شاہد وحید کے تحریر کردہ فیصلے میں قرار دیا گیا کہ ازدواجی تعلق برقرار رکھنے اور صلح کی شرط پر بیوی سے گھر اپنے نام کروانا درست ہبہ نہیں۔ ہبہ آزاد مرضی اور محبت کا اظہار ہوتا ہے، شادی بچانے کے لیے وصول کیا جانے والا معاوضہ نہیں۔
مقدمے کے مطابق محمد اقبال اور صبیحہ اقبال کی شادی 1976 میں ہوئی اور ان کے دو بچے پیدا ہوئے۔ لاہور میں چھ مرلے کا پلاٹ 1983 میں بیوی کے نام خریدا گیا، جبکہ مکان کی تعمیر کے لیے ایچ بی ایف سی کا قرض بھی خاتون کے نام منظور ہوا۔
خاتون کے مطابق انہوں نے تعمیر کے لیے زیورات فروخت کیے اور اہل خانہ نے بھی مالی مدد کی۔ اپریل 1994 میں ایک رجسٹرڈ ہبہ نامے کے ذریعے گھر شوہر کو منتقل ظاہر کیا گیا۔ تعلقات خراب ہونے اور شوہر کی جانب سے ملکیت اور بے دخلی کا دعویٰ سامنے آنے پر خاتون نے ہبہ نامے اور انتقال کو عدالت میں چیلنج کردیا۔
خاتون کا مؤقف تھا کہ قرض کی ادائیگی کے لیے مختار نامہ بنوانے کے بہانے خالی اسٹامپ پیپر پر ان کے دستخط اور انگوٹھے لیے گئے۔
دوسری جانب سابق شوہر نے دعویٰ کیا کہ گھر اس کی رقم سے خریدا اور تعمیر کیا گیا تھا۔ اس نے یہ بھی تسلیم کیا کہ صلح کے لیے گھر اپنے نام منتقل کرنے کی شرط رکھی تھی۔
سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ہبہ ثابت کرنے کے لیے دینے والے کا اعلان، وصول کرنے والے کی قبولیت اور قبضے کی منتقلی ثابت کرنا ضروری ہے۔ اس مقدمے میں شوہر یہ ثابت نہیں کرسکا کہ اس نے ہبہ کب، کہاں اور کس کے سامنے قبول کیا۔ ہبہ نامے میں بھی اس کی قبولیت درج نہیں تھی، جبکہ حاشیہ گواہوں کی جگہ خالی تھی اور شناخت کنندہ کو پیش نہیں کیا گیا۔
عدالت نے واضح کیا کہ صرف ہبہ نامے کی رجسٹریشن یا محکمہ مال میں انتقال درج ہونے سے ملکیت ثابت نہیں ہوتی۔ خاتون کی جانب سے دستخط یا انگوٹھے کا نشان تسلیم کرنا بھی شوہر کو درست ہبہ ثابت کرنے کی ذمہ داری سے بری نہیں کرتا۔
فیصلے کے مطابق دو بچوں کی ماں سے خاندان برقرار رکھنے کے لیے واحد گھر چھوڑنے کا مطالبہ آزاد رضامندی کے منافی تھا۔
عدالت نے خاتون کے دھوکا دہی کے الزام پر انحصار کیے بغیر شوہر کے اپنے مؤقف اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر ہبہ غیر ثابت قرار دیا۔
سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ اور پہلی اپیلیٹ عدالت کے فیصلے برقرار رکھتے ہوئے ہبہ نامے اور انتقال کو خاتون کے حقوق کے مقابل قانونی طور پر بے اثر قرار دے دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ خاتون کو اپنے اور بچوں کے واحد گھر کے لیے اٹھائیس برس سے زائد مقدمہ بازی کا سامنا کرنا پڑا، اس لیے مثالی اخراجات عائد کرنا ضروری ہے۔ سابق شوہر کو 5 لاکھ روپے تیس دن کے اندر خاتون کو ادا کرنا ہوں گے