1000306053

وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل مزید تیز کرنے اور تمام منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

وزیراعظم نے کہا غیر فعال اور خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے اور معاشی استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔ قانونی رکاوٹوں کو نجکاری کے عمل میں تاخیر کا سبب نہ بننے دیا جائے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت سرکاری ملکیتی اداروں اور املاک کی نجکاری کے عمل میں پیشرفت پرجائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نےخسارے میں چلنے والے مزید اداروں کی نشاندہی کر کے اُنہیں نجکاری عمل میں شامل کرنے کی ہدایت کردی ۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خسارے کا شکار اداروں کی نجکاری سے بچنے والے وسائل کو ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرنے کے مواقع ملیں گے۔

اجلاس کو آئیسکو، لیسکو، گیپکو،زرعی ترقیاتی بینک لمیٹ اور اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کی نجکاری سے متعلق پیشرفت پر بریفنگ دی گئی ۔ بتایا گیا کہ تمام جاری منصوبے طے شدہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کو نجکاری کمیشن میں ضم کرنے کا بل بھی پیش کیا گیا جو منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں بھیجا جائےگا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اصلاحات کے بعد اتھارٹی کا کردار مشاورتی سے تبدیل ہو کر منصوبوں پر عملدرآمد کا ہو جائے گا، جبکہ اس وقت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی ایک ہزار تین سو باون ارب روپے کے پندرہ منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔۔ اِن منصوبوں میں ایم سکس، ایم تیرہ، ایم دس، گرو نانک ایکسپریس وے، قصر ناز اور کراچی انڈسٹریل پارک شامل ہیں

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan