1000004688

وفاقی حکومت نے برآمد کنندگان کے لیے ایکسپورٹ اسکیم آسان بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے.

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم میں ترامیم سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں نئی سرمایہ کاری اور مقامی ویلیو ایڈیشن کے فروغ پر غور کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس کے دوران حکومت نے برآمد کنندگان کے لیے ایکسپورٹ اسکیم آسان بنانے کا فیصلہ کرلیا جبکہ ایکسپورٹرز کے لیے تعمیلی اخراجات اور کاروباری بوجھ کم کرنے کی تجویز ہے۔

ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن اسکیم میں نئے اور موجودہ برآمد کنندگان کی رسائی بہتر بنانے اور سیکیورٹی شرائط آسان بنانے کی تجویز دی گئی جبکہ شفاف طریقہ کار متعارف کروانے پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں برآمد کنندگان کی درجہ بندی اور اجازت ناموں کی مدت میں تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ حکومتی مراعات کو حقیقی برآمدی کارکردگی سے منسلک کرنے کی تجویز دی گئی۔

اس موقع پر بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد تمام برآمد کنندگان کے لیے یکساں ہوگا۔ طریقہ کار آسان بنائیں گے، محصولات کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ برآمد کنندگان کو کوئی استثنیٰ نہیں دیا جائے گا۔ وزارت خزانہ کے مطابق ایکسپورٹرز اور تجارتی تنظیموں سے مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ ایکسپورٹ اسکیم میں غلط استعمال روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق برآمدی شعبے کی ضروریات کے مطابق اسکیم میں بہتری لانے پر غورکیا گیا