پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبوں کی جانب سے وفاقی حکومت کو 57 ارب 46 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ فراہم کی گئی ہے، جو آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت دی گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران صوبوں نے وفاق کو یہ گرانٹ فراہم کی، جب کہ ماضی میں وفاق کی جانب سے صوبوں کو گرانٹ دی جاتی رہی ہے۔ اس بار مالی وسائل کی منتقلی کی سمت تبدیل ہوئی ہے اور صوبے وفاق کو مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں صوبوں سے مجموعی طور پر ایک ہزار 35 ارب روپے کی گرانٹ لینے کا معاہدہ کیا گیا ہے۔ اس میں پنجاب کا حصہ 555 ارب 70 کروڑ روپے، سندھ کا 263 ارب 70 کروڑ روپے، خیبر پختونخوا کا 157 ارب روپے اور بلوچستان کا 58 ارب 60 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گرانٹ ایف بی آر کی گزشتہ مالی سال کی آمدن سے زائد حاصل ہونے والی آمدن کی بنیاد پر دی جا رہی ہے، جب کہ دستاویزات میں اس رقم کو وفاقی بجٹ میں نان ٹیکس ریونیو کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
آئین پاکستان کا آرٹیکل 164، قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ سے الگ ہے۔ اس آرٹیکل کے تحت وفاق اور صوبے ایک دوسرے کو رضاکارانہ طور پر گرانٹ فراہم کر سکتے ہیں، جب کہ یہ گرانٹ قومی مفاد سمیت کسی بھی مقصد کے لیے دی جا سکتی ہے۔