بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم چھ رکنی پارلیمانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان کے چھ روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے۔
بنگلہ دیشی اسپیکر 23 سے 28 نومبر تک پاکستان میں قیام کریں گے۔ یہ دورہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
ڈھاکا کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے بنگلہ دیشی اسپیکر اور ان کے وفد کو رخصت کیا۔
دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینا، وفود کے تبادلوں میں اضافہ، کثیرالجہتی فورمز پر اشتراکِ عمل مضبوط بنانا اور عوامی روابط کو وسعت دینا ہے۔