1000305178

نئی تحقیق کے مطابق برطانیہ کے کئی شہروں کے اوپر کسی بھی وقت انسانی آنکھ سے دکھائی دینے والے ستاروں سے زیادہ سیٹلائٹس موجود ہوتے ہیں۔

انجینئرنگ کمپنی ’ایکیو کمپونینٹس‘ نے اکتوبر میں حاصل کیے گئے مدار سے متعلق اعداد و شمار کی مدد سے برطانیہ کے 186 شہروں اور قصبوں کے اوپر سیٹلائٹس کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق رات کے وقت کسی بھی لمحے اوسطاً 710 سیٹلائٹس افق کے اوپر موجود ہوتے ہیں، جبکہ ایک عام شہر کے اوپر ایک رات کے دوران تقریباً 13 ہزار مختلف خلائی جہاز گزرتے ہیں۔

ان تمام سیٹلائٹس کو دیکھا نہیں جاسکتا۔ اوسطاً صرف 105 سیٹلائٹس سورج کی روشنی منعکس کررہے ہوتے ہیں، جبکہ بعض اتنے مدھم ہوتے ہیں کہ نظر نہیں آتے۔

رات کے مختلف اوقات میں سیٹلائٹس کی تعداد اور ان کی نمایاں حیثیت تبدیل ہوتی رہتی ہے۔ غروبِ آفتاب کے فوراً بعد اور طلوعِ آفتاب سے پہلے انہیں دیکھنا نسبتاً آسان ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق کم زمینی مدار میں موجود فعال سیٹلائٹس میں سے تقریباً 70 فیصد ایلون مسک کے اسٹارلنک نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔

دسمبر 2019 کے اختتام پر اسٹارلنک کے سیٹلائٹس کی تعداد محض 120 تھی، جو اکتوبر 2026 میں بڑھ کر 11 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

سیٹلائٹس کی بڑھتی ہوئی تعداد سے صرف آسمان پر ستاروں کا مشاہدہ کرنے والے افراد ہی متاثر نہیں ہورہے بلکہ ماہرینِ فلکیات کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

ماہرین کے مطابق روشن سیٹلائٹس کی گزرگاہیں دوربین سے لی گئی تصاویر کو متاثر کرتی ہیں، بعض اوقات دور دراز کہکشاؤں کو دیکھنے میں رکاوٹ بنتی ہیں اور ممکنہ طور پر خطرناک خلائی اجسام کے مشاہدے میں بھی خلل ڈال سکتی ہیں۔

یورپی سدرن آبزرویٹری کی جولائی میں سامنے آنے والی ایک علیحدہ تحقیق میں خبردار کیا گیا تھا کہ مزید 17 لاکھ سے زائد سیٹلائٹس خلا میں بھیجنے کی تجاویز فلکیاتی تحقیق کو شدید متاثر کرسکتی ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مدار میں سیٹلائٹس کی بڑھتی ہوئی تعداد سے ان کے آپس میں ٹکرانے اور خطرناک خلائی ملبہ پیدا ہونے کا خدشہ بھی بڑھ رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس تجزیے کا تاحال سائنسی ماہرین کی جانب سے باضابطہ جائزہ نہیں لیا گیا، جبکہ شمار کیے گئے سیٹلائٹس کی تعداد لازمی طور پر ان سیٹلائٹس کے برابر نہیں جنہیں عام افراد اپنی آنکھوں سے دیکھ سکتے ہیں۔

متعلقہ ٹیگز:#World