امریکی ریاست نیوجرسی کے علاقے ماؤنٹ ہولی میں ایک گھر سے تین معمر افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کو اس واقعے کی اطلاع ایک ڈاکیے نے دی، جسے گھر کے مرکزی دروازے پر ایک پراسرار نوٹ ملا تھا۔
برلنگٹن کاؤنٹی پراسیکیوٹر آفس کے مطابق تینوں لاشیں جمعے کے روز گھر سے ملی تھیں۔ ڈاکیے نے دروازے پر چسپاں نوٹ دیکھنے کے بعد پولیس کو فون کیا، جس پر لکھا تھا کہ اندر 911 پر کال کی جائے۔ تصاویر کے مطابق نوٹ کو دروازے پر ٹیپ کی مدد سے مضبوطی سے چسپاں کیا گیا تھا اور ساتھ دو اداس چہروں کی تصاویر بنی تھیں، جن کی آنکھوں پر ضرب کے نشان لگے ہوئے تھے۔
پراسیکیوٹر آفس نے بتایا کہ لواحقین کو اطلاع دینے تک ہلاک افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی جائے گی، جبکہ موت کی وجہ بھی تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ برلنگٹن کاؤنٹی کے میڈیکل ایگزامینر آفس میں رواں ہفتے کے اختتام پر تینوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔مقتولین کے پڑوسی کا کہنا تھا کہ گھر میں دو بھائی اور ایک بہن رہتے تھے، جن کی عمریں 60 برس کے لگ بھگ تھیں