1000306073

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے چین، یورپی یونین اور 12 دیگر تجارتی شراکت داروں سے درآمدات پر نئے محصولات عائد کرنے کی تجویز پیش کردی۔

رائٹرز کے مطابق نئے درآمدی محصولات کی شرح 15 سے 40 فیصد تک رکھنے کی تجویز ہے، جس میں چین پر 20 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی تجویز شامل ہے، تاہم یہ شرح بڑھا کر 40 فیصد تک کی جاسکتی ہے۔

بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدہ طے پانے کی صورت میں 17 فیصد ٹیرف جبکہ مذاکرات ناکام ہونے پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یورپی یونین، جاپان، جنوبی کوریا، تائیوان اور سوئٹزرلینڈ کے لیے 15 فیصد ٹیرف تجویز کیا گیا ہے، جبکہ بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، ملائیشیا، انڈونیشیا اور کمبوڈیا کے لیے 18 فیصد محصولات کی تجویز ہے۔

امریکی انتظامیہ کے مطابق یہ محصولات صنعتی پیداوار میں ضرورت سے زیادہ اضافے اور غیر منصفانہ تجارتی پالیسیوں کے الزامات کے تحت تجویز کیے گئے ہیں۔

چین نے امریکی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی برآمدات مسابقتی صلاحیت کا نتیجہ ہیں۔ بیجنگ نے تجارتی کشیدگی کے بجائے مستحکم تعلقات برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

نئے محصولات کی تجاویز پر عوامی آرا اور سماعت کا عمل مکمل ہونے کے بعد حتمی فیصلہ متوقع ہے، جبکہ ان کے نفاذ کا امکان جنوری 2027 سے ظاہر کیا گیا ہے۔

نئے ٹیرف کے اعلان کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی، سرمایہ کاروں میں عالمی تجارتی کشیدگی بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے۔

متعلقہ ٹیگز:#World