چینی جاسوس ہونے کے شبہے میں زیرِ تفتیش ایلس ہوانگ اپنے آبائی ملک چین واپس پہنچ گئی ہیں اور اس وقت بیجنگ میں مقیم ہیں۔
خبر رساں ادارے بلومبرگ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایلس ہوانگ بیجنگ میں رہائش پذیر ہیں اور یہ بات چینی سیکیورٹی حکام کے علم میں بھی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مصنوعی ذہانت کے شعبے میں کاروباری اثر و رسوخ رکھنے والی شخصیت ایلس ہوانگ کو ہوانگ لے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ان کے امریکی کمپنی این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کے ساتھ مبینہ تعلقات کا معاملہ سامنے آنے کے بعد کمپنی میں تنازع پیدا ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جینسن ہوانگ نے غیر ازدواجی تعلقات کا اعتراف کیا ہے جبکہ کمپنی کے بورڈ نے ایلس ہوانگ پر چینی جاسوس ہونے کے الزامات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم چین نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔
بلومبرگ کے مطابق ایلس ہوانگ نے کاروباری سرگرمیوں سے قبل مالیاتی شعبے اور صحافت میں کام کیا، وہ 2015ء سے شنگھائی ہیکسی انویسٹمنٹ کمپنی میں نائب جنرل منیجر کے عہدے پر فائز رہیں، اس سے پہلے وہ اسٹیٹک سیکیورٹیز اور ایچ ایس بی سی میں بھی مختلف عہدوں پر کام کر چکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایلس ہوانگ کی بیجنگ واپسی کے وقت اور وہاں ان کی موجودہ سرگرمیوں کے بارے میں واضح معلومات سامنے نہیں آسکیں جبکہ ان سے رابطے کی کوششیں بھی کامیاب نہیں ہوئیں۔
دوسری جانب اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کے مستقبل اور کمپنی کی تحقیقات کے نتائج سے متعلق بھی غیر یقینی کیصورتحال برقرار ہے