ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ جاری امن مذاکرات میں تہران کے مطالبات تسلیم کرے، بصورت دیگر سنگین نتائج کے لیے تیار رہے۔
عباس عراقچی نے ایرانی سرکاری میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا تمام محاذوں پر جنگ ختم کرنے پر آمادہ ہو جائے تو آبنائے ہرمز کو 2 روز کے اندر دوبارہ کھولنے کی ایرانی تجویز اب بھی برقرار ہے۔دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی ووٹرز اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں، اب وائٹ ہاؤس کو اپنا فیصلہ کرنا ہے۔انہوں نے خبردار کیا ہے کہ امریکا ایرانی شرائط تسلیم کرے اور تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے کا فیصلہ کرے، بصورت دیگر ایران کے چوکس اور جنگ کے لیے تیار فوجی امریکا پر جہنم برسا دیں گے۔عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران جنگ کے اثرات ری پبلکنز کے وسط مدتی انتخابات کے نتائج پر بھی مرتب ہوئے ہیں اور وائٹ ہاؤس کو ایرانی تجاویز قبول کرلینی چاہئیں۔اس سے قبل ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا تھا کہ امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد واشنگٹن اور تہران کے درمیان معاہدے کے لیے ثالثوں کی کوششوں میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ اب دیکھنا ہوگا کہ امریکی حکام انتخابی نتائج کے اثرات سے نکلنے میں کتنا وقت لیتے ہیں تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جاسکے۔