اسلام آباد ماڈل جیل کا پہلا قیدی کون ہوگا؟ عمران خان کی منتقلی کی بازگشت

اسلام آباد کی ماڈل جیل کا منصوبہ 2009ء میں شروع کیا گیا تھا، لیکن تقریباً 17 برس گزرنے کے باوجود اس کا صرف ایک تہائی حصہ ہی مکمل ہو سکا ہے۔ اب اس منصوبے کے تعمیر شدہ حصے کو فعال بنانے اور قیدیوں کی منتقلی کی تیاریاں جاری ہیں۔ اسی دوران ایک سوال نے سیاسی اور صحافتی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کر لی ہے کہ اس نئی جیل میں سب سے پہلے کس قیدی کو منتقل کیا جائے گا؟

اس حوالے سے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا نام بھی زیرِ گردش ہے۔ اگرچہ ان کی منتقلی کے بارے میں کوئی باضابطہ فیصلہ یا تصدیق سامنے نہیں آئی، تاہم حکومتی عہدیداروں کے بیانات اور جیل کے انتظامات نے اس امکان کو بحث کا موضوع بنا دیا ہے۔

اگر ماڈل جیل کا ایک طائرانہ جائزہ لیا جائے تو اسلام آباد ماڈل جیل موٹروے ایم ٹو پر اسلام آباد سے لاہور جاتے ہوئے ٹول پلازہ سے پہلے دائیں جانب واقع سیکٹر ایچ 16 میں تعمیر کی گئی ہے۔ تقریباً 90 ایکڑ رقبے پر پھیلی اس جیل کے علاوہ سیکٹر میں تاحال کوئی دوسری عمارت تعمیر نہیں ہوئی۔

جیل حکام کے مطابق تعمیر شدہ حصے میں موجودہ بیرکس کی گنجائش تقریباً 750 قیدیوں کی ہے، جسے مستقبل میں بڑھا کر 1500 تک کیا جا سکتا ہے۔ یہاں تین بڑی بیرکس تعمیر کی گئی ہیں، جن میں سے ہر ایک میں تقریباً 260 قیدی رکھنے کی گنجائش ہے۔

اس کے علاوہ 12 بائی 18 فٹ کی 32 علیحدہ بیرکس بھی بنائی گئی ہیں، جہاں سزائے موت کے قیدیوں سمیت ایسے قیدیوں کو رکھا جانا ہے جنہیں سکیورٹی وجوہات کی بنا پر دوسرے قیدیوں سے الگ رکھنا ضروری ہو۔

تاہم جیل کا تعمیر شدہ حصہ ابھی مکمل طور پر فعال ہونے کے لیے تیار نہیں۔ خواتین اور کم عمر قیدیوں کے لیے مخصوص بلاکس زیرِ تعمیر ہیں، جبکہ سزائے موت کے قیدیوں کے لیے مکمل انتظامات اور پھانسی گھاٹ بھی تاحال موجود نہیں۔

اسلام آباد ماڈل جیل کا ایک اہم انتظامی پہلو یہ ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں تاحال صوبوں کی طرز پر الگ محکمہ جیل خانہ جات قائم نہیں کیا گیا۔

پنجاب سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں جیلوں کے انتظام کے لیے باقاعدہ محکمہ اور آئی جی جیل خانہ جات کا عہدہ موجود ہے، لیکن اسلام آباد میں یہ انتظامی ڈھانچہ ابھی تشکیل نہیں پایا۔

پنجاب سے محکمہ جیل خانہ جات کے افسر علی اکبر کو ماڈل جیل کا سپرنٹنڈنٹ تعینات کیا گیا ہے، جو گزشتہ ایک سال سے اسلام آباد میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جیل کی سکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کے لیے اسلام آباد پولیس کے 100 سے زائد اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ فی الحال اسلام آباد پولیس کے سربراہ کو جیل کی سکیورٹی کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے چیف کمشنر ہی محکمہ جیل خانہ جات سے متعلق امور دیکھیں گے۔

دوسری جانب آج پنجاب حکومت نے محکمہ جیل خانہ جات کے 58 افسران اور اہلکاروں کی خدمات ایک سال کے لیے وزارت داخلہ کے سپرد کر دی ہیں۔

اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعینات کیے جانے والوں میں 3 اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس، 2 چیف وارڈرز، 18 ہیڈ وارڈرز اور 35 وارڈرز شامل ہیں۔اڈیالہ جیل کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ عمران ریاض اور چیف وارڈر فلک شیر بھی ان اہلکاروں میں شامل ہیں جنہیں ڈیپوٹیشن پر اسلام آباد ماڈل جیل تعینات کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق وزیراعظم اس جیل کا افتتاح کریں گے۔

اسلام آباد ماڈل جیل کو فعال بنانے کے لیے اڈیالہ جیل میں قید ان افراد کی منتقلی کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے جن کے مقدمات اسلام آباد کی عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں یا جنہیں اسلام آباد کی عدالتوں سے سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔

جیل سپرنٹنڈنٹ علی اکبر کے مطابق اس وقت اڈیالہ جیل میں اسلام آباد کے مقدمات سے متعلق تقریباً 3500 قیدی موجود ہیں۔ ان کی منتقلی مرحلہ وار کی جائے گی اور منصوبے کے تحت ہر ہفتے تقریباً 100 قیدیوں کو اسلام آباد ماڈل جیل منتقل کیا جائے گا۔

ابتدائی مرحلے میں ان قیدیوں کو منتقل کیا جائے گا جن کے مقدمات مختلف عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ علی اکبر نے سزا یافتہ قیدیوں کی منتقلی کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

اب یہاں سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا عمران خان بھی نئی جیل منتقل ہوں گے؟

اسلام آباد ماڈل جیل کے پہلے قیدی کے حوالے سے سب سے زیادہ زیرِ بحث نام بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ہے۔ اس بارے میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا بیان بھی اہمیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ" اسلام آباد کی عدالتوں سے سزا پانے والے قیدیوں کو ماڈل جیل منتقل کیا جائے گا اور سابق وزیراعظم عمران خان بھی ان میں شامل ہیں۔"

طلال چوہدری کے مطابق قیدی کو اپنی پسند کی جیل منتخب کرنے کا اختیار نہیں ہوتا اور چونکہ عمران خان کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سزا سنائی ہے، اس لیے انہیں بھی نئی جیل منتقل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد ماڈل جیل میں سہولتیں اس قدر بہتر ہیں کہ عمران خان خوشی سے وہاں منتقل ہو جائیں گے۔ تاہم حکومتی عہدیدار کے اس بیان کو عمران خان کی منتقلی کا حتمی حکم یا باضابطہ فیصلہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ فی الحال یہ واضح نہیں کہ انہیں کب اور کس مرحلے پر نئی جیل منتقل کیا جائے گا۔

اسلام آباد ماڈل جیل کے اندر قیدیوں کے علاج معالجے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

جیل حکام کے مطابق یہاں پنجاب کی دیگر جیلوں کے مقابلے میں زیادہ جدید ہسپتال تعمیر کیا گیا ہے، جس میں جدید طبی مشینری نصب کرنے کے ساتھ آپریشن تھیٹر بھی بنایا گیا ہے۔ قیدیوں کی منتقلی کے بعد ہسپتال کو فعال کر دیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ یہاں قیدیوں کو ایسی طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی جو نجی ہسپتالوں میں بھی دستیاب نہیں ہوتیں۔

ماڈل جیل میں قیدیوں کے لیے خودکار لنگر خانہ بھی بنایا گیا

جیل میں قیدیوں کے لیے کھانا تیار کرنے کا نظام بھی جدید مشینری سے منسلک کیا گیا ہے۔ آٹا گوندھنے سے لے کر روٹیاں پکانے تک کا عمل مشینوں کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔ جیل حکام کے مطابق اس پورے عمل کے لیے صرف تین افراد درکار ہوں گے، جبکہ پنجاب کی متعدد جیلوں میں روٹیاں تیار کرنے کا کام قیدی خود انجام دیتے ہیں۔

ملاقات کے نظام میں بھی روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر انتظامات کیے گئے ہیں۔ ملاقاتیوں کے لیے فرنیچر سے آراستہ انتظار گاہیں بنائی گئی ہیں، جبکہ ملاقات کے لیے الگ الگ شیشے کے باکس قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں قیدی اور ملاقاتی ایک دوسرے کو دیکھ کر انٹرکام کے ذریعے بات کر سکیں گے، تاہم انہیں ایک دوسرے کو چھونے یا کسی چیز کا تبادلہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ نظام پاکستان کی بیشتر جیلوں میں رائج ملاقات کے طریقہ کار سے مختلف ہے۔

جیل کو ہائی سیکیورٹی زون میں تبدیل کر دیا گیا ہے جو جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور تربیت یافتہ عملہ سیکیورٹی پر مامور ہے

جیل کی سکیورٹی کے حوالے سے حکام اور ذرائع غیر معمولی انتظامات کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہاں ایسے جدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں جو نادرا اور اسلام آباد سیف سٹی نظام سے منسلک ہیں اور خودکار طریقے سے جیل کے عملے اور اجنبی افراد کے چہروں کی شناخت کر سکتے ہیں۔

جیل کے بیرکس والے حصے کے گرد کنکریٹ کی بلند و بالا دیواریں تعمیر کی گئی ہیں، جن کے اوپر بجلی کی تاریں نصب ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان تاروں میں ہر وقت کرنٹ موجود رہتا ہے۔ تعمیر شدہ حصے میں سکیورٹی کی چھ تہیں قائم کی گئی ہیں، جنہیں عبور کرنا کسی بھی قیدی کے لیے انتہائی مشکل ہوگا۔

باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید نگرانی اور سخت سکیورٹی کے باعث اس جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت ہائی سکیورٹی رسک قرار دیے جانے والے قیدیوں کو بھی منتقل کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس مقصد کے لیے انتظامات بھی مکمل کیے جا چکے ہیں، تاہم اس حوالے سے کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔

اسلام آباد ماڈل جیل میں قیدیوں کے مقدمات کی سماعت کے لیے کورٹ رومز اور ججز کے ریٹائرنگ رومز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔

اس انتظام کے تحت اسلام آباد کے ایسے قیدی جن کے مقدمات کی سماعت پہلے اڈیالہ جیل میں ہوتی ہے، انہیں نئی جیل منتقل کیے جانے کے بعد ان کے جیل ٹرائل کی کارروائی بھی وہیں ممکن ہو سکے گی۔

جیل عملے کے لیے رہائشی مکانات کی تعمیر کی غرض سے بھی جگہ مختص کی گئی ہے، جہاں تعمیراتی کام جاری ہے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ منتقلی کے برعکس ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو فوری طور پر اسلام آباد ماڈل جیل منتقل کیے جانے کا امکان نہیں۔

ذرائع کے مطابق انہیں مقدمات کی سماعت کے لیے اسلام آباد لایا جاتا رہے گا، تاہم فی الحال اڈیالہ جیل سے مستقل منتقلی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔خواتین قیدیوں کے لیے مخصوص بلاک ابھی زیرِ تعمیر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بلاک کی تکمیل کے بعد بشریٰ بی بی کو دیگر خواتین قیدیوں کے ساتھ اسلام آباد ماڈل جیل منتقل کیے جانے کا امکان موجود ہے، تاہم اس بارے میں بھی کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

اب یہاں پر سب سے اہم سوال یہ اٹھتا ہے کہ اس ماڈل جیل کاپہلا قیدی کون ہوگا؟

اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ 17 برس سے زیرِ تکمیل ہے اور اس کا بڑا حصہ ابھی تعمیر ہونا باقی ہے، لیکن اب پنجاب سے جیل عملے کی تعیناتی اور اڈیالہ جیل سے قیدیوں کی مرحلہ وار منتقلی کے منصوبے نے اسے فعال بنانے کی سمت پیش رفت ضرور ظاہر کی ہے۔

تاہم اس سوال کا جواب ابھی باقی ہے کہ نئی جیل میں سب سے پہلے کون سا قیدی داخل ہوگا۔ عمران خان کا نام حکومتی بیان اور ذرائع کی اطلاعات کے باعث زیرِ بحث ضرور ہے، اور یقیناً انہیں یہاں منتقل کیا جائے گا تاہم ان کی منتقلی کا باقاعدہ حکم جاری پونا ابھی باقی ہے.

متعلقہ ٹیگز:#Articles