
سپریم کورٹ کا فیصلہ انتخابات کے حق میں آنے کے بعد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے مرکزی صدر پی ٹی آئی اورسابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے ملاقات کی ہے عمران خان نے چودھری پرویز الہٰی کو آئندہ کا لائحہ عمل بنانے کیلئے زمان پارک لاہور بلایا تھا، تحریک انصاف کے دونوں پارٹی رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔پی ٹی آئی رہنما پرویز الہٰی نے فیصلہ پر سابق وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین ہی سپریم ہے یہ بات پی ڈی ایم والوں کو مان لینی چاہیے۔ملاقات میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور چودھری پرویز الہٰی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابی مہم تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا، اس کے علاوہ جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتار کارکنوں کی رہائی کیلئے قانونی لائحہ عمل بھی بنایا گیا