
ایران امریکا مذاکرات کی تعطلی سے متعلق تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں، ایران اور امریکا نے مذاکرات طے شدہ دن اور وقت کے مطابق ہونے کی تصدیق کردی۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں تصدیق کی کہ امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات جمعے کو صبح 10 بجے مسقط میں ہوں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے تمام ضروری انتظامات کرنے پر عمانی بھائیوں سے اظہار تشکر کیا۔دوسری جانب دو سنیئر امریکی عہدیداروں نے بھی امریکی میڈیا سے گفتگو میں مذاکرات عمان میں ہونے کی تصدیق کردی۔اس سے قبل امریکا، ایران جوہری مذاکرات جمعے کو ہی ترکیے میں شیڈول تھے جس کے بعد ایران کی جانب سے مذاکرات استنبول سے عمان منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ایران نے مذاکرات کا مقام تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ مذاکرات میں علاقائی شراکت داروں کو شامل نہ کرنے اور بات چیت صرف جوہری معاملات تک محدود رکھنے کا بھی مطالبہ کیا تھا تاہم ان مطالبات کو تسلیم یا رد کیے جانے سے متعلق فی الحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
awareinternational A Credible Source Of News
Aware International © Copyright 2026, All Rights Reserved