سوئٹزرلینڈ آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 47 ہوگئی

Share

سوئٹزرلینڈ کے مشہور اسکی ریزورٹ کرانس مونٹانا میں نئے سال کی تقریب کے دوران ایک بار میں ہونے والے دھماکے اور آگ لگنے سے تقریباً 47 افراد ہلاک اور 100 زائد زخمی ہو گئے، وزیراعظم شہباز شریف نے اظہارِ افسوس کیا ہے۔نائٹ کلب میں سالِ نو کی تقریب جاری تھی اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عملہ جلتی ہوئی شیمپین بوتلیں اٹھا کر لے جا رہا تھا، جو لکڑی کی نیچی چھت سے بار بار ٹکرا رہی تھیں، تقریباً ڈیڑھ بجے رات اچانک آگ بھڑک اٹھی اور چند ہی لمحوں میں پورا تہہ خانہ لپیٹ میں آگیا، وہاں موجود درجنوں افراد ایک ہی سیڑھی والے باہر جانے کے راستے کی طرف بھاگے جس سے بدحواسی مزید بڑھ گئی۔حکام کے مطابق آگ لگنے کے واقعے میں کم از کم 115 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے، آگ لگنے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم اب تک شواہد کے مطابق یہ واقعہ دہشت گردی یا کسی مجرمانہ کارروائی کا نتیجہ نہیں لگتا بلکہ بظاہر ایک حادثہ ہے۔اطالوی حکام نے بتایا کہ 16 اطالوی شہری تاحال لاپتا ہیں جبکہ 15 زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں، فرانس کے وزارت خارجہ کے مطابق کم از کم 8 فرانسیسی شہریوں سے بھی رابطہ تاحال بحال نہیں ہو سکا، فرانس کے فٹبال کلب ایف سی میتز نے تصدیق کی کہ اس کا 19 سالہ کھلاڑی تاہیریس ڈوس سانتوس اس واقعہ میں بری طرح جھلس گیا اور اسے جرمنی کے ایک ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت میں وقت لگے گا کیونکہ کئی لاشیں شدید حد تک جل گئی ہیں اور ڈی این اے اور دانتوں کے ریکارڈ کی مدد سے شناخت کی جا رہی ہے۔ سوئٹرزلینڈ کے برن سینٹرز میں گنجائش ختم ہونے پر کئی شدید زخمیوں کو ہمسایہ ملکوں کے ہسپتال میں منتقل کرنا پڑا۔آتشزدگی کے بعد علاقہ سوگوار ہے، سینکڑوں افراد متاثرہ نائٹ کلب کے قریب جمع ہوئے، پھول رکھے اور لاپتا رشتہ داروں کے بارے میں خبریں ملنے کا انتظار کرتے رہے، سوئس صدر گائے پارمَلین نے اسے ملک کی بدترین سانحات میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ زیادہ تر متاثرین نئے سال کا جشن منانے آئے نوجوان تھے، برطانوی بادشاہ چارلس نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے دل دہلا دینے والا واقعہ قرار دیا

Check Also

ٹرمپ نے شکاگو، لاس اینجلس، پورٹ لینڈ سے نیشنل گارڈ واپس بلا لیے

Share امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شکاگو، لاس اینجلس اور پورٹ لینڈ سے نیشنل گارڈ …