عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس، مزید دو گواہان کی شہادتیں قلمبند

Share

بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں مزید دو گواہان کی شہادتیں قلمبند کرلی گئیں۔سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی۔دوران سماعت مزید دو گواہان نے شہادتیں قلمبند کرادیں جس کے بعد اب تک کیس میں مجموعی طور پر 7 گواہان پر جرح مکمل ہو چکی ہے۔سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل نے ایک گواہ پر جرح مکمل کر لی جبکہ دوسرے گواہ پر وکیل صفائی آئندہ سماعت پر جرح مکمل کر یں گے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر سابق وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری بریگیڈیئر احمد محمود اور ڈپٹی ملٹری سیکرٹری کرنل ریحان محمود کو شہادت قلمبند کرانے کے طلب کر لیا۔بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس پر مزید سماعت 16جنوری بروز جمعرات تک ملتوی کردی۔ادھر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے) نے عمران خان اور بشریٰ بی بی سے توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کیلئے تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی، ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے تحقیقات کرے گی، ٹیم عدالت کی معاونت اور قانونی کارروائی آگے بڑھائے گی۔

Check Also

کوہاٹ خودکش دھماکے کے بعد آپریشن مکمل، 8 دہشتگرد جہنم واصل

Share کوہاٹ پولیس لائنز دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے …