لاہور میں عید الاضحیٰ پر ہائی الرٹ جاری، سیکیورٹی پلان تشکیل

Share

لاہور پولیس نے عید الاضحیٰ کے حوالے سے مربوط سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا۔پنجاب کے شہر لاہور میں نماز ِعید کی سیکیورٹی کے لیے 06 ایس پیز، 22 ایس ڈی پی اوز، 83 ایس ایچ اوز، 480 اپر سبارڈنیٹس سمیت 06 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔سی سی پی او لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ پولیس مساجد، امام بارگاہوں اور نمازِعید کے اجتماعات کی حفاظت کے لیے پر عزم ہے، نمازِ عید کے اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ نمازیوں کی سیکیورٹی کے لیے مساجد اور عید گاہوں کے باہر میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گئے۔بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ عید ِقرباں کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے، شہر کی داخلی و خارجی پولیس چیک پوسٹوں پر گاڑیوں کی سخت چیکنگ یقینی بنائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے حوالے سے حکومت پنجاب کی جاری کردہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے گا۔