
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کلکٹریٹ آف کسٹمز نےبھاری مقدار میں اسمگل کیا جانے والا سونا برآمد کرلیا۔آویئرانٹرنیشنل کے مطابق اسمگلنگ کی اطلاع موصول ہونے پر کلکٹر کسٹمز ائرپورٹ شفیق احمد لاٹکی نے ایڈیشنل کلکٹر ائرپورٹ فیصل خان کو اس ممکنہ اسمگلنگ کو ناکام بنانے کے لئے خصوصی ہدایات اور احکامات جاری کئے۔ان احکامات کی روشنی میں ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز ائرپورٹ فیصل خان نے بین الاقوامی ڈپارچر لاؤنج پر تعینات کسٹمز کے عملے کو پہلے سے زیادہ متحرک رہنے اور تمام میسر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس ممکنہ اسمگلنگ کو یقینی طور پر ناکام بنانے کی ہدایات دیں اور خود بھی اس عمل کی نگرانی کی۔گزشتہ شام کراچی سے براستہ دبئی جنوبی افریقہ جانے والی فیملی کو روک کر ان کے سامان کی تلاشی لی گئی، جس کے نتیجہ میں مذکورہ فیملی کے قبضے سے 19 کروڑ روپے مالیت کے 9.5 کلو سونے کے زیورات اور سکے برآمد کر کے تحویل لے کر ضبط کرلیے گئےملزمان کو کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر گرفتار کر لیا گیا اور تفتیش شروع کردی گئی ہے۔