
پاکستان بار کونسل نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجرل بل کی سماعت کے موقع پر ملک بھر کی عدالتوں میں کل ہڑتال کا اعلان کردیا ہے ۔سپریم کورٹ آف پاکستان میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023ء کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے لیے چیف جسٹس کی سربراہی میں 8 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے، درخواستوں پر سماعت جمعرات کے روز ساڑھے 11 بجے ہو گی۔اب پاکستان بار کونسل نے بل کی سماعت کے موقع پر ملک بھر کی عدالتوں میں ہڑتال کا اعلان کردیا ہے، یہ اعلان تمام بار ایسوسی ایشنز سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔وائس چیئرمین پاکستان بارکونسل حسن رضا کا کہنا تھاکہ مرضی کے ججزپر مشتمل بینچ بنایا گیا ہے، کیس کی سماعت میں سینیئر ججوں کوبھی شامل ہونا چاہیے۔ذرائع پاکستان بار کونسل کے مطابق پریکٹس اینڈ پروسیجر بل ملک بھر کی بار کونسلوں کا دیرینہ مطالبہ تھا اس لیے ہم پارلیمنٹ کے بل کے حق میں ہیں۔ پارلیمنٹ کے منظور کردہ قانون کے خلاف درخواستیں 2 سینیئر صحافیوں سمیع ابراہیم اور چوہدری غلام حسین نے خواجہ طارق رحیم اور اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کر رکھی ہیں جن پر سماعت کے لیے 8 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے