
امریکی صحافی کی روس میں گرفتاری کے بعد وائٹ ہاؤس نے اظہار تشویش ظاہر کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو فوری طور پر روس چھوڑنے کا مشورہ دے دیا ہے۔خبر رساں ایجنسی ’ روئٹرز‘ کے مطابق روس میں حکام نے وال اسٹریٹ جرنل کے ماسکو بیورو میں کام کرنے والے امریکی رپورٹر ایون گرشکووچ کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔امریکی رپورٹر کو حکام نے روس کی ایک عدالت میں پیش کیا جہاں سے ایون گرشکووچ کو 29 مئی تک حراست میں رکھنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔عالمی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق امریکی دفتر خارجہ نے روس میں امریکی رپورٹر کی گرفتاری پرتشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے صحافیوں اور میڈیا کے خلاف روس کے اقدامات قابل مذمت ہیں۔امریکہ کے سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وہ امریکی رپورٹر کے اخبار وال اسٹریٹ جرنل سے رابطے میں ہیں۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے اس حوالے سے مؤقف اختیار کیا ہے کہ روس میں حکومت کی جانب سے امریکی شہریوں کے خلاف کارروائیاں قابل قبول نہیں ہیں، جو بائیڈن انتظامیہ گرفتار رپورٹر کے خاندان اور روسی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس نے روس میں مقیم امریکی شہریوں کو فوری طور پر روس چھوڑ نے کا مشورہ بھی دے دیا ہے۔
awareinternational A Credible Source Of News
Aware International © Copyright 2026, All Rights Reserved