امریکی فوج نے ایران میں کسی بھی کارروائی میں ملوث ہونے کی تردید کر دی

Share

گزشتہ روز جمعرات کو ایران کے جنوبی علاقوں میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، تاہم امریکا نے ایران پر ہونے والے حملوں میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی ہے۔ایرانی نیم سرکاری میڈیا کے مطابق جمعرات کی شب صوبے بوشہر کے مختلف علاقوں اور قریبی شہر چوغادک میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر ایک امریکی اسرائیلی پروجیکٹائل بوشہر کے مضافات میں واقع فوجی ہیڈکوارٹر سے ٹکرایا، بوشہر وہ صوبہ ہے جہاں تہران کی واحد سول جوہری تنصیب واقع ہے. مہر نیوز ایجنسی کے مطابق جنوبی شہر کنارک میں بھی مزید 3 دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔بوشہر کے نائب گورنر برائے سیاسی و سیکیورٹی امور احسان جہانیان نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایا کہ آج صوبے کے کئی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جن میں جوہری تنصیب کے اطراف کا علاقہ، چوغادک شہر میں واقع ایک فوجی اڈہ اور صوبے کے جنوبی حصے میں ماہی گیری کی ایک بندرگاہ شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں سنا جانے والا دھماکا فضائی دفاعی نظام کی کارروائی کے باعث ہوا، تاہم حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ان دھماکوں میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران امریکی فوج نے ایران میں کوئی فضائی حملہ یا فوجی کارروائی نہیں کی۔میڈیا رپوٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان 7جولائی سے حملوں کا تبادلہ جاری ہے، تہران نے خلیجی خطے میں واقع متعدد امریکی فوجی مقامات کو بھی نشانہ بنایا، جن میں قطر، بحرین اور کویت شامل ہیں، جس کے باعث جون کے وسط میں طے پانے والی جنگ بندی دباؤ کا شکار ہو گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق مہر نیوز ایجنسی نے دھماکوں کی وجوہات، ممکنہ نقصانات یا جانی نقصان سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔تازہ حملوں کی یہ اطلاعات ایسے وقت سامنے آئیں جب ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کو امام علی رضا علیہ السلام کے روضے کے احاطے میں سپردِ خاک کیا گیا۔دوسری جانب ایران سے دھماکوں کی اطلاعات موصول ہونے کے کچھ ہی دیر بعد اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں باہمی رابطہ اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو کو خلیجی خطے میں امریکی اقدامات سے بھی آگاہ کیااس سے قبل جمعرات کو جنوبی اسرائیل کے حتزریم ایئر بیس پر فضائیہ کی گریجویشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ ختم نہیں ہوئی، بلکہ ہمارے سامنے نئے چیلنجز موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ فضائی برتری برقرار رکھنا اسرائیل کی قومی سلامتی کی حکمتِ عملی کا بنیادی ستون ہے اور مشرقِ وسطیٰ جیسے غیر مستحکم خطے میں استحکام کے لیے یہ ناگزیر ہے۔اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ایال ضمیر نے بھی کہا تھا کہ ایران کے خلاف فوجی مہم ابھی اختتام پذیر نہیں ہوئی، نئے منصوبے زیرِ غور ہیں اور آئندہ مزید بڑی کارروائیوں کا امکان موجود ہے، اس لیے ہر وقت تیار رہیں۔اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو اسرائیل دوبارہ ایران پر حملہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے

Check Also

پاسداران انقلاب کا امریکی حملوں کا تباہ کن جواب دینے کا اعلان

Share پاسداران انقلاب نے جنوبی ایران پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں …