قدرتی وسائل کے تحفظ کیلئے تیار، کسی ملک کی کالونی نہیں بنیں گے: نائب صدر

Share

وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگیز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وینزویلا کسی بھی ملک کی کالونی نہیں بنے گا۔خبر ایجنسی کے مطابق امریکی حملے اور صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے قوم سے خطاب میں کہا کہ صدر مادورو کو اغوا کیا گیا ہے، نکولس مادورو ہی وینزویلا کے صدر ہیں. ڈیلسی روڈریگز نے کہا کہ ملک کے دفاع کیلئے عوام صبر اور اتحاد سے کام لیں، امریکی فوج کی کارروائی کے بعد ہم وینزویلا کے دفاع اور اپنے قدرتی وسائل کے تحفظ کیلئے تیار ہیں۔خیال رہے کہ اس قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وینزویلا کی نائب صدر کو بطور صدر حلف دلا دیا گیا، نائب صدر ڈیلسی نے مارکو روبیو سے بات کی ہے، ڈیلسی روڈریگیز وینزویلا کو دوبارہ عظیم بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کو ہم چلائیں گے، ہماری تیل کی کمپنیاں وینزویلا جائیں گی۔دوسری جانب سے وینزویلا کی حکومت نے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملے کا جواب دینے کیلئے وینزویلا کی خصوصی دفاعی کونسل بلا لی ہے۔خیال رہے کہ امریکا نے وینزویلا پر حملہ کر کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا ہے، کارروائی امریکی جنگی طیاروں نے کی اور ڈیلٹا فورس نے دارالحکومت میں اہداف کو نشانہ بنایا، وینزویلا نے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے کا مقصد وینزویلا کے تیل اور معدنیات پر قبضہ کرنا ہے۔

Check Also

امریکی حملے میں وینزویلا میں کم از کم 40 افراد ہلاک، سینکڑوں شدید زخمی

Share وینزویلا کے ایک سرکاری عہدیدار کے مطابق امریکی حملے میں ملک بھر میں کم …