1000302026

وزیراعظم شہبازشریف عوام کو فیول سبسڈی نہ دینے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کردی

پرائم منسٹر فیول ریلیف پروگرام سے متعلق جائزہ اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف نے پروگرام کی پیشرفت اور شفافیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے مستحقین کو سہولت فراہم نہ کرنے والے پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے کہا رجسٹریشن اور سبسڈی کا حصول آسان بنانے سے رجسٹریشن میں اضافہ ہوا، مستحقین شہری اس سہولت سے مستفید ہورہے ہیں۔اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں حکام نے بتایا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں مستفید ہونے والے شہریوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ رجسٹرڈ افراد میں 15.06 ملین موٹر سائیکل مالکان اور 449 ہزار 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان شامل ہیں۔پیٹرولیم سبسڈی اسکیم کے تحت 4 نومبر تک ایک کروڑ 55 لاکھ 9 ہزار 282 مستحق شہری رجسٹر ہو چکے ہیں، جنہیں مجموعی طور پر 28.6 ارب روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔ اسکیم کے تحت اب تک 6 کروڑ 31 لاکھ 53 ہزار 685 ٹوکن جاری کیے گئے، جن میں سے5 کروڑ 94 لاکھ 45 ہزار 347 ٹوکنز کا استعمال عمل میں لایا جا چکا ہے۔ صارفین اور پیٹرول پمپ مالکان کو معلومات کی فراہمی اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے الگ الگ کال سینٹرز بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan