برطانوی شاہی خاندان کے منحرف رکن شہزادہ ہیری اپنے ناراض بھائی شہزادہ ولیم سے تعلقات بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہیں اور اس مقصد کے لیے انہوں نے اپنی بھابھی کیٹ مڈلٹن سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی جریدے اسٹار میگزین کی رپورٹ کے مطابق شاہ چارلس کے چھوٹے بیٹے شہزادہ ہیری کا خیال ہے کہ کیٹ مڈلٹن ہی شہزادہ ولیم کے رویے میں نرمی لا سکتی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیری اس مقصد کے لیے کیٹ سے مدد کی درخواست کرنے بلکہ اپنی بھابی کی منت سماجت کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔رپورٹ کے مطابق ہیری کے لیے کیٹ مڈلٹن سے رابطہ کرنا مشکل ہو سکتا ہے کیونکہ اب شہزادی دونوں بھائیوں میں صلح کروانے میں پہلے جیسی دلچسپی نہیں رکھتیں۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ماضی میں کیٹ مڈلٹن دونوں بھائیوں کے درمیان اختلافات ختم کروانے کی بھرپور کوشش کرتی رہی ہیں تاہم اب شہزادی کا رویہ تبدیل ہو چکا ہے۔
دوسری جانب جریدے ہیٹ ورلڈ کی ایک حالیہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شاہی خاندان میں صلح کروانے کے حوالے سے شہرت رکھنے والی کیٹ مڈلٹن نے ہیری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی متنازع یادداشتوں پر مبنی کتاب ’اسپیئر‘ میں کیے گئے دعوؤں پر ملکہ کمیلا، شہزادہ ولیم اور خود کیٹ مڈلٹن سے باضابطہ طور پر معافی مانگیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کیٹ مڈلٹن اس بات سے آگاہ ہیں کہ شاہ چارلس اپنے بیٹے ہیری سے تعلقات بہتر بنانا چاہتے ہیں اور وہ خود بھی اس حوالے سے مثبت رویہ رکھتی ہیں، تاہم شہزادی کا مؤقف ہے کہ جب تک ہیری مجھے سے اور ولیم سے باقاعدہ معافی نہیں مانگتے، صلح کی پیش رفت ممکن نہیں