وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہوٹل میں چیکنگ کے دوران شہری کو تھپڑ مارنے کے الزام میں سب انسپکٹر اویس ارشد کے خلاف فوجداری اور محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔مریم نواز شریف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ سب انسپکٹر اویس ارشد ہوٹل میں تصدیقی عمل کے لیے موجود تھا، جہاں شہری کو تھپڑ مارنے کا الزام سامنے آیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق سب انسپکٹر اویس ارشد کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ اسے ملازمت سے بھی معطل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سب انسپکٹر کے خلاف فوری طور پر فوجداری اور محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور محکمانہ تادیبی کارروائی کے لیے چارج شیٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال کی روک تھام کے لیے سخت احتساب یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں کی عزت، وقار اور حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔