1000302498

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ایڈوانس ادائیگیوں پر سیلز ٹیکس انوائس جاری کرنے کا نیا طریقہ متعارف کرادیا۔ سامان کی سپلائی سے پہلے وصول ہونے والی ہر ایڈوانس رقم پر الگ انوائس جاری کرنا لازمی قرار دیدی گئی۔ حتمی سپلائی کے وقت پہلے ادا شدہ ٹیکس دوبارہ وصول نہیں کیا جائے گا۔

ایف بی آر نے سیلز ٹیکس رولز میں ترمیم کرتے ہوئے ایڈوانس ادائیگیوں کے لیے نیا رول 160 متعارف کرادیا۔ نئے قواعد کے تحت سامان کی سپلائی سے پہلے ایڈوانس رقم وصول کرنے والے رجسٹرڈ کاروباری افراد کو انوائس جاری کرنا ہوگی۔ ایڈوانس رقم مکمل یا قسطوں میں وصول ہونے پر ہر ادائیگی کی الگ انوائس بنانا اور اسے پہلے جاری کردہ انوائسز کے ساتھ الیکٹرانک طور پر منسلک کرنا لازمی ہوگا۔ سامان کی اصل سپلائی کے وقت حتمی سیلز ٹیکس انوائس جاری کرنا ہوگی، جس میں پہلے وصول شدہ ایڈوانس اور اس پر ادا کردہ ٹیکس کی تفصیلات بھی شامل ہوں گی۔ ایڈوانس رقم پر پہلے ادا کیا گیا سیلز ٹیکس دوبارہ وصول نہیں کیا جائے گا جبکہ ایڈوانس پر ٹیکس کی شرح رقم وصولی کے وقت اور باقی سپلائی پر ٹیکس کی شرح سامان کی فراہمی کے وقت نافذ شرح کے مطابق ہوگی۔ رقم، سامان کی مالیت میں تبدیلی، واپسی یا سپلائی منسوخ ہونے کی صورت میں ٹیکس ریکارڈ میں ضروری ردوبدل بھی کرنا ہوگا۔ نئے نظام کے تحت ایڈوانس انوائسز، ڈیبٹ اور کریڈٹ نوٹس سمیت حتمی انوائس کا الیکٹرانک ریکارڈ منسلک رکھنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، جس کا مقصد ٹیکس معاملات میں شفافیت اور نگرانی بہتر بنانا ہے۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan