
اسلام آباد کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف اقدامِ قتل کے کیس سمیت چار مختلف کیسز میں عدالتوں میں پیش ہونگے، ایک کیس کی سماعت میں 12 بجے تک وقفہ کر دیا گیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف اقدامِ قتل کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سردار مصروف ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں پیش ہوگئے۔جج نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسار کیا کہ عمران خان عدالت کب تک آئیں گے؟وکیل سردار مصروف نے بتایا کہ عمران خان لاہور سے نکل چکے ہیں، وہ براستہ سڑک اسلام آباد آ رہے ہیں۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میں عمران خان پہلے بینکنگ کورٹ جائیں گے، پھر کچہری آئیں گے، ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا، کچہری میں پیش ہونے کا ایک وقت نہیں بتا سکتا، تاہم وہ عدالتی وقت کے اندر کچہری میں پیش ہو جائیں گے۔عمران خان کے وکیل نے سماعت 5 دن کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا کی تو جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کون ساطریقہ ہے، عمران خان جی الیون کورٹس میں پیش ہوسکتےہیں،کچہری میں نہیں، عمران خان جوڈیشل کمپلیکس پیش ہوجائیں گے اِدھر کے لیے ٹائم نہیں بچےگا، یہ کونساطریقہ ہے، ادھر فرد جرم عائد ہونا ہے ادھر آجائیں، فرد جرم عائد ہوجائے پھر چلے جائیں مدعی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ایک وقت دے دیں، اسلام آباد کی سیشن عدالت نے سماعت میں 12 بجے تک وقفہ کر دیا۔عمران خان بذریعہ موٹر وے شہرِ اقتدار اسلام آباد پہنچیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ میاں اسلم اقبال، مسرت جمشید چیمہ و دیگر رہنما اور کارکنان قافلے کی صورت میں روانہ ہوئے، ان کے ساتھ انکی ذاتی سکیورٹی اور جیمرز کی گاڑیاں بھی موجود ہیں