
انسپیکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا نے پشاور سانحے کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شریک اہلکاروں کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔آئی جی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے تمام صوبائی ریجنز کے پولیس سربراہان کو مراسلہ لکھ کر صوبے بھر میں مختلف مقامات پر سانحہ پشاور کے خلاف احتجاج کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کسی بھی محکمہ جاتی کارروائی سے روک دیا۔ اپنے مراسلے میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کیں ہیں، پولیس لائنز دھماکے سے پولیس کو دلی صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ بدھ کو چند مقامات پر پولیس اہلکاروں نے احتجاج بھی کیا ہے اور احتجاج کرنا پولیس ڈسپلن کی خلاف ورزی ہے، تاہم احتجاج میں شریک اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی نہیں کی جائے۔دوسری جانب پشاور میں پولیس اہلکاروں کے اجتماعی استعفوں جیسی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے سی سی پی او پشاور محمد اعجاز خان کا کہنا تھا کہ اہلکاروں کے مستعفی ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں، 1792 اہلکاروں نے سی سی پی او آفس میں استعفے جمع نہیں کروائے