
ایران میں سڑک پر ڈانس کرنے والے جوڑے کو 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی ، جوڑے کی جانب سے ڈانس ویڈیو انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھی۔ 21 سالہ استیاض حقی اور اس کے منگیتر امیر محمد احمدی کو بدعنوانی اور جسم فروشی کو فروغ دینے، قومی سلامتی کے خلاف ملی بھگت اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف پروپیگنڈہ کے جرم میں سزا سنائی گئی ہے۔پولیس کے ہاتھوں حراست میں لی گئی ایک خاتون کی موت کے بعد احتجاج میں شامل نظر آنے والے لوگوں کو حکام بھاری سزائیں دے رہے ہیں تاہم جوڑے نے اپنے ڈانس کو ایران میں جاری احتجاج سے نہیں جوڑا۔جوڑے کی گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب انہوں نے ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر پوسٹ کی جس پر انکے مشترکہ فالوورز کی تعداد تقریباً 20 لاکھ ہے، ویڈیو میں انہیں تہران کے آزادی ٹاور پر رقص کرتے دیکھا گیا۔رپورٹس کے مطابق ان پر سوشل میڈیا استعمال کرنے اور ملک چھوڑنے پر دو سال کی پابندی بھی لگائی گئی ہے۔