تھانہ مکڑ وال میانوالی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا

Share

میانوالی کے علاقے تھانہ مکڑوال پر دہشتگردوں نے حملہ کیا ہے، پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ جاری ہے۔ ایلیٹ فورس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو گئیں، حملہ میں مبینہ دہشت گرد اللہ اکبر کی صدائیں بلند کر رہے ہیں، مقابلہ میں بھاری اسلحہ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے میانوالی میں تھانہ مکڑ وال پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، حملہ آور دہشت گرد پولیس جوانوں کی جوابی فائرنگ سے پسپا ہو کر بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔ڈی پی او میانوالی محمد نوید مزید نفری کے ساتھ تھانہ مکڑوال کی جانب روانہ ہو گئے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس ایچ او مکڑ وال سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، بہادری و فرض شناسی پر ایس ایچ او اور محرر کو شاباش دیتے ہوئے حوصلہ افزائی کی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کا تعاقب جاری رکھتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے، سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس اور سپیشل برانچ آپریشن میں میانوالی پولیس کو بھرپور معاونت فراہم کریں۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میانوالی کے تھانہ مکڑوال پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو جرات سے خاک میں ملایا، پولیس کے جری جوانوں کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے دلیر جوانوں کو شاباش دیتا ہوں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Skip to toolbar