
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک پولیس چیک پوائنٹ پر خودکش دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 6افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی سہیل ظفر چٹھہ کے مطابق یہ واقعہ سیکٹر آئی ٹین فور میں اس وقت پیش آیا جب ایگل سکواڈ نے چیک پوائنٹ پر ایک مشکوک ٹیکسی کو تلاشی کے لیے روکا۔ ڈی آئی جی سہیل ظفر چٹھہ کے مطابق تلاشی کا عمل جاری ہی تھا کہ گاڑی میں سوار ایک شخص نے دھماکہ کر دیا جس سے اس میں موجود ایک خاتون اور حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ تلاشی کے عمل میں مصروف ایک پولیس اہلکار ہلاک اور چار اہلکار زخمی ہو گئے۔موقع پر موجود دو شہریوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔حسین کے طور پر کی گئی ہے جبکہ حملہ آور کی شناخت فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہے۔وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے اس واقعے کی مذمت کی ہے اور حکام سے اس واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔دھماکے کے نتیجے میں گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسلام آباد پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔جائے وقوعہ کی جانب جانے والا راستہ بند کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈی آئی جی کے مطابق اس واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے جس کے بعد مزید معلومات شیئر کی جائیں گی۔خیال رہے کہ گذشتہ روز ہی اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ اسلام آباد میں پہلے سے ہی سکیورٹی ہائی الرٹ پر ہے اور جمعرات کو بھی خفیہ اطلاعات پر سی ٹی ڈی اور خفیہ اداروں نے ایک آپریشن کیا تھا جس میں بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر کے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا تھا۔