
توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی نا اہلی پر ایکشن لیتے ہوئے پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے انہیں نوٹس جاری کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا کیس 13 دسمبر کو مقرر کر دیا ہے۔پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے چیئرمین عمران خان کے نام نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کردی جبکہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر پوچھا جائے گا کہ عمران خان کو نوٹس کیوں جاری کیا گیا، الیکشن کمیشن نوٹس کے ساتھ تحریری طور پر آگاہ کرے کہ 13 دسمبر کو کیوں بلایا گیا ہے، الیکشن کمیشن کس پر بنیاد پر عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کے لیے خود کاروائی کا آغاز کرسکتا ہے۔ عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانا کسی کی ذاتی خواہش یا ایجنڈا ہوسکتا ہے لیکن قانونی طور پر ممکن نہیں۔