عدالت کا تاریخی فیصلہ، پرائیویٹ اداروں کے ملازمین کواولڈ ایج پنشن دینے کا حکم

Share

وفاقی آئینی عدالت نے پرائیویٹ اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کے حق میں بڑا اور تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کو تمام درخواست گزاروں کو ماہانہ اولڈ ایج پنشن ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔عدالت نے واضح کیا کہ ساڑھے 14 سال سروس مکمل کرنے والے ملازمین پنشن کے مکمل حقدار ہوں گے، چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے یہ فیصلہ سناتے ہوئے ای او بی آئی کی جانب سے دائر تمام اپیلیں خارج کر دیں اور لاہور ہائیکورٹ کے 2024 اور 2025 میں دیے گئے فیصلوں کو برقرار رکھا۔عدالت نے قرار دیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے درست اور قانون کے عین مطابق ہیں، اس میں مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں۔وفاقی آئینی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سروس کا 6 ماہ یا اس سے زائد عرصہ پورا ایک سال تصور کیا جائے گا اور پنشن کے معاملے میں راؤنڈنگ آف کا اصول لاگو ہوگا۔عدالت کے مطابق ساڑھے 14 سال یا اس سے زائد سروس مکمل کرنے والے ملازمین کو 15 سال سروس مکمل تصور کیا جائے گا۔عدالت نے ای او بی آئی کے 2022 کے سرکلر کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کوئی انتظامی سرکلر ملازمین کے آئینی اور قانونی پنشن کے حق کو متاثر نہیں کر سکتا۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ فلاحی قوانین کی سخت تشریح کے ذریعے ملازمین کو پنشن سے محروم کرنا ناانصافی کے مترادف ہے۔یہ فیصلہ ملک بھرکے لاکھوں پرائیویٹ ملازمین کے لئے ریلیف اورسماجی تحفظ کے نظام میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Check Also

سات7 سال میں غربت کی شرح میں 7.6 فیصد اضافہ، پونے 2 کروڑ لوگ غریب ہوگئے

Share گزشتہ 7 سال میں مزید پونے 2 کروڑ لوگ غریب ہو گئے۔حکومت نے 7 …