محکمہ داخلہ پنجاب کی صوبہ بھر میں عوامی رابطہ کمیٹیوں کے قیام کی ہدایت

Share

محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں عوامی رابطہ کمیٹیوں کے قیام کی ہدایت کر دی۔پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو تھانے کی سطح تک عوامی رابطہ کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ معاشرے کے نمائندہ افراد اور حکومتی عہدیداروں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، عوامی رابطہ کمیٹیاں کمیونٹی واچ ڈاگ کا کام کریں گی، کمیٹی ممبران کسی بھی خطرے کی بروقت نشاندہی اور مشکوک سرگرمی کی اطلاع دیں گے، کمیٹی شہریوں اور پولیس کے درمیان معلومات کے تبادلے کیلئے پل کا کام کرے گی۔کمیٹیاں مذہبی تقریبات، عوامی اجتماعات یا ہنگامی حالات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں گی، عوامی رابطہ کمیٹیاں مقامی سطح پر شہری بیداری کو فروغ دیں گی، پبلک لائزان کمیٹیوں کے قیام سے شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین اعتماد میں اضافہ ہوگا، عوامی رابطہ کمیٹیاں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خطرات سے نمٹنے میں بھی معاون ہوں گی۔محکمہ داخلہ نے عوامی رابطہ کمیٹیوں کی ساخت اور فرائض بارے بھی ہدایات جاری کی ہیں، جن کے مطابق پہلے مرحلے میں فوری طور پر ہر تھانے کی سطح پر عوامی رابطہ کمیٹی قائم ہوگی، دوسرے مرحلے میں 3 ماہ کے اندر محلے اور وارڈ کی سطح تک کمیٹی کو فعال کیا جائے گا، عوامی رابطہ کمیٹی میں متعلقہ تھانیدار، مقامی معززین جیسا کہ نامور بزرگ، تاجر، منتخب نمائندے اور مذہبی رہنما شامل ہوں گے، ہر عوامی رابطہ کمیٹی میں قابلِ اعتماد نوجوانوں اور مقامی سماجی کارکنوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔متعلقہ اسسٹنٹ کمشنراور ایس ڈی پی او مشترکہ طور پر کمیٹی کے ماہانہ اجلاس کی صدارت کریں گے، ہر تھانے کی حدود میں قائم عوامی رابطہ کمیٹی متعلقہ ضلعی رابطہ کمیٹی کے ماتحت کام کرے گی، سب ڈویژنز کی ماہانہ پیشرفت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیوں میں زیر بحث آئے گی، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیاں ہر ماہ کی پیشرفت صوبائی کوآرڈینیشن کمیٹی، محکمہ داخلہ کو بھجوائیں گی۔ترجمان کے مطابق محکمہ داخلہ نے پنجاب بھر میں ترجیحی بنیادوں پر کمیٹیوں کی تشکیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 20 اپریل تک کمیٹیوں کو فعال کر کے ممبران کی تفصیل اور لائحہ عمل محکمہ داخلہ کو بھجوایا جائے۔یہ ہدایت تمام ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور سی سی پی او لاہور کو جاری کی گئی ہے، محکمہ داخلہ پنجاب تمام عوامی رابطہ کمیٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Skip to toolbar