
بھارتی کرکٹ بورڈ( بی سی سی آئی) نے انگلش کرکٹر ہیری بروک پر آئی پی ایل میں شرکت کرنے پر 2 سال کی پابندی عائد کردی۔بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل آخری لمحات میں دستبردار ہونے کی وجہ سے ہیری بروک پر آئی پی ایل میں شرکت کرنے پر 2 سال کی پابندی لگائی گئی ہے۔آئی پی ایل کے نئے قانون کے مطابق نیلامی میں رجسٹر کوئی بھی غیر ملکی کھلاڑی فرنچائز کی جانب سے خریدے جانے کے بعد سیزن کے آغاز سے پہلے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوجائے تو اس پر ٹورنامنٹ میں شرکت پر 2 سیزن کے لیے پابندی عائد کی جائے گی۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے ہیری بروک اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو بیٹر پر 2 سالہ پابندی عائد کرنے کے اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ہیری بروک نے رواں ماہ شروع ہونے والے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 18 ویں سیزن سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ انٹرنیشنل کرکٹ پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔ہیری بروک نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا تھا کہ میں نے ایک بہت مشکل فیصلہ کیا ہے کہ میں آئی پی ایل کے اس سال کے سیزن میں حصہ نہیں لوں گا، میں دہلی کیپیٹلز سے معذرت خواہ ہوں۔ہیری بروک کو آئی پی ایل 2025 کیلئے دہلی کیپیٹلز نے خریدا تھا، انہوں نے گزشتہ سیزن میں بھی دہلی کی ٹیم سے اپنا معاہدہ منسوخ کر دیا تھا۔یاد رہے انڈین پریمیئر لیگ کا 18 واں سیزن 22 مارچ سے شروع ہورہا ہے