
سپریم کورٹ کے 2 ایڈہاک ججز جسٹس (ر) سردار طارق مسعود اور جسٹس (ر) مظہر عالم میاں خیل اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، چیف جسٹس قاضی فاٸز عیسیٰ نے دونوں ایڈہاک ججز سے حلف لیا۔سپریم کورٹ آف پاکستان میں بطور ایڈہاک جج تعینات ہونے والے جسٹس (ر) سردار طارق مسعود اور جسٹس (ر) مظہر عالم میاں خیل کی حلف برداری کی تقریب کا انعقاد سپریم کورٹ میں کیا گیا، تقریب حلف برداری میں جسٹس منصور علی شاہ سمیت دیگر ججز، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، لاء افسران، وکلاء اور عدالتی اسٹاف نے شرکت کی۔اس موقع پر جسٹس (ر) سردار طارق مسعود اور جسٹس (ر) مظہر عالم میاں خیل اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا جبکہ چیف جسٹس قاضی فائزعیسی نے دونوں ایڈہاک ججزسے حلف لیا۔یاد رہے کہ جسٹس (ر) سردار طارق مسعود اور جسٹس (ر) مظہر عالم میاں خیل کو ایک سال کی مدت کے لیے سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز تعینات کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ 27 جولائی کو وزارت قانون و انصاف نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں دو ایڈہاک ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔26 جولائی کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں 2 ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی منظوری دے دی تھی۔اس سے قبل 20 جولائی کو سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل کی ایڈہاک جج کے طور پر تعیناتی کی منظوری دی تھی۔چیف جسٹس نے ایڈہاک ججز کی تقرری کے لیے 4 ریٹائرڈ ججز کے نام تجویز کیے تھے جن میں جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم، جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر، جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس ریٹائرڈ طارق مسعود کے نام شامل تھے۔تاہم جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم اور جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے ایڈہاک جج بننے سے معذرت کر لی تھی۔