
پشاور میں پولیس چوکی پر نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔پولیس پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ رات گئے پشاور کے نواحی علاقے اورمڑ میں پیش آیا، جہاں پولیس چوکی پر نا معلوم حملہ آوروں نے اسنائپر گن سے فائرنگ کی۔پولیس کے مطابق فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کی شناخت سعید خان کے نام سے ہوئی جس کی نماز جنازہ ملک سعد پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ میں کیپٹیل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) پشاور قاسم علی خان اور دیگر پولیس افسران ،اہلکاروں اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور پولیس افسران نے شہید کے تابوت پر پھول چڑھائے۔