آج سےپورا ہفتہ ملک بھر میں تیز بارشوں کا آغاز، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

Share

ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے 16 جولائی تک تیز بارش کا امکان ہے۔آج سے بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی، جو بارشوں کا سبب بنیں گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب اور کشمیر میں آج سے 11 جولائی تک تیز بارش کا امکان ہے جبکہ 11 سے 15 جولائی تک خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 12 سے 14 جولائی کے دوران بلوچستان اور سندھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد مین بارش ہوگی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج گرم رہے گا، گزشتہ روز تربت گرم ترین شہر رہا جہاں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں آج ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو کراچی میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 58 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔بارش کے باعث منگل کو کراچی میں کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ 18 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔بارش سے شہر بھر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، اہم اور مرکزی شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ادھر خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آسمان پر بادلوں کا راج ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج سے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے بارش کا امکان ہے، جن میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، چارسدہ، ہنگو، کرم، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاراچنار میں 19 اور چترال میں1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ پیر کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا، اس لیے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ٹریفک آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Skip to toolbar