
ماؤں کے عالمی دن پر نامور سیاسی شخصیات نے خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔سردار ایاز صادق نے دنیا بھر کی ماؤں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماں کا رشتہ قدرت کا انمول تحفہ ہے، اس رشتے کا دنیا میں کوئی نعم البدل نہیں، ماں سے محبت کا اظہار کسی دن کا محتاج نہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ماں کی محبت انسان کو ناممکن کو ممکن کر دینے کے قابل بناتی ہے، قوم ان ماؤں کی مقروض ہےجن کے بیٹے وطن کے وقار اور تحفظ کے لیے شہید ہوئے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی ماؤں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔اُنہوں نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں ماؤں کی آنکھوں کے سامنے بچوں کا قتل عالمی انسانی حقوق کے منافی ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمنٹ میں خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اقدامات کیے گئے۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ آج جو کچھ ہوں وہ اپنے والدین کی دعاؤں اور تربیت کی وجہ سے ہوں، دنیا اور آخرت کی کامیابیاں اور کامرانیاں ماں جیسے عظیم رشتے کی مرہون منت ہیںوزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماں کاعالمی دن غزہ اور کشمیر کی پُر عزم اور حوصلہ مند ماؤں کے نام کرتی ہوں۔اُنہوں نے کہا کہ زندگی کی چلچلاتی دھوپ میں ماں ٹھنڈی چھاؤں کی مانند راحت و سکون ہے، میں ہمیشہ اپنی والدہ کلثوم نواز کی محبتوں کی شکر گزار رہوں گی، والدہ محترمہ کی دعاﺅں کی بدولت آج اس منصب پر ہوں۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مادرِ وطن پر جان قربان کرنے والے شہداء کی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کی ان ماؤں کو بھی سلام جن کے بیٹے شہید ہوئے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انسان کی کامیابی کے پیچھے ماں کی محبت، حوصلہ افزائی اور دعا ہوتی ہے اور ماں کی خدمت دراصل انسان کے کردار کی گواہی ہوتی ہےوزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ماؤں کےعالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ ماں ہر گھر کا سکون اور دل کا چین ہے، بیگم کلثوم نواز ہماری ماں کی طرح تھیں، آج ان کی بھی شدت سے یاد آ رہی ہےچیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماں ایک ایسا رشتہ ہے جس کا پوری دنیا میں کوئی نعم البدل نہیں۔اُنہوں نے دنیا کی تمام ماؤں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں آج جس مقام پر ہوں اس میں میری ماں کا بہت اہم کردار ہے