
قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کو دوبارہ پارٹی کی قیادت سونپنے کیلیے (ن) لیگ پنجاب نے قرارداد پیش کر دی۔صدر (ن) لیگ پنجاب رانا ثنا اللہ نے پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ نواز شریف کو سازش کے تحت نااہل کر کے پارٹی کی صدارت سے الگ کیا گیا تھا تاہم اب تمام جبر کی رکاوٹیں دور ہو چکی ہیں اللہ نے عدالت سے ان کو سرخرو کیا۔رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ (ن) لیگ پنجاب نے اجلاس میں قرارداد پیش کی کہ نواز شریف دوبارہ پارٹی صدارت سنبھالیں، اس مشکل وقت میں وہ پارٹی کی دوبارہ قیادت کریں، ہمیں یقین ہے ان کی قیادت میں پارٹی پہلے سے بڑھ کر اپنی مقبولیت حاصل کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں الیکشن سے پہلے اور بعد سیاسی صورتحال پر تجاویز دی گئیں جو قیادت کو پیش کی جائیں گی، اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف کی کوششوں کی بھرپور تائید کی گئی، وہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔