
صوبائی دارالحکومت لاہور کےمختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔بارش اور ژالہ باری کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔آویئرانٹرنیشنل کے مطابق لاہورمیں مال روڈ،گلبرگ، ٹاؤن شپ،جیل روڈ، گڑھی شاہو ، نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس اور اطراف میں بھی بارش ہورہی ہے، اس کے علاوہ کوٹ لکھپت،ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن،گرین ٹاؤن میں بھی بونداباندی کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 29 اپریل تک جاری رہنے کےامکانات ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اےنےہدایت کی کہ نشیبی علاقوں سےپانی کی نکاسی کوجلد از جلد ممکن بنائیں ۔شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔دوسری جانب ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے کابل کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال متوقع ہے۔ 27 تا 30 اپریل کے دوران سیلابی صورتحال کے باعث نوشہرہ اور چارسدہ کے علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پی ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہےکہ متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرے سے دوچار علاقوں کی نشاندہی اور بروقت ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ ادارے سیلابی خطرے سے دوچار علاقوں میں ضروری مشینری و عملہ کی بر وقت دستیابی یقینی بنائیں۔این ڈی ایم اے نے ہدایات کی کہ ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر شہری بہاؤ تیز ہونے کی صورت میں ندی نالوں کو پار کرنے سے گریز کریں، دریا سے منسلک علاقوں کے مکین مقامی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔ عوام موسمی حالات سے باخبر رہیں، نشیبی علاقوں کے مکین ندی نالوں میں طغیانی کے پیش نظر محتاط رہیں۔