
پاکستان تحریک انصاف نے فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن رپورٹ منطر عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹ کے مصدقہ مندرجات سے آگاہی قوم کا بنیادی حق ہے۔اس سلسلے میں ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ دھرنا کمیشن نے شہباز شریف اور پنجاب حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ہے، کمیشن سفارشات پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔پی ٹی آئی نے کہا کہ اہم امور پر کمیشن رپورٹ چھپانا اور ذمہ داروں کو بچانا مجرموں کا وتیرہ ہے، چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ رپورٹ منظر عام پر رکھنے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیں۔کمیشن نے اپنی رپورٹ میں دی گئی سفارشات میں نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پرعمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیا ہے، کمیشن کی سفارشات میں پولیس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم میں کمزوریوں کا بھی احاطہ کیا گیا ہے۔