
عدالت پیشی پر جانے والے 3 سگے بھائی مخالفین کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔پولیس تھانہ ملکہ ہانس پاکپتن کے مطابق مقتولین عدالت میں پیشی کے لیے چک 72 ڈی سے موٹر سائیکل پر پاکپتن آ رہے تھے کہ جمال کوٹ میں مخالفین نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے تینوں بھائی جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق مخالفین کی فائرنگ سے جاں بحق بھائیوں کی شناخت ارشاد، ممتاز اور تنویر کے ناموں سے ہوئی جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے بھی پاکپتن کے تھانہ ملکہ ہانس کی حدود میں 3 بھائیوں کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنانے اور مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔دوسری جانب ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے 3 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی پی او پاکپتن کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے اسپیشل ٹیم تشکیل دینےکا حکم بھی دیا گیا ہے