
محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ ملک کے شمالی حصوں میں معروف تفریحی مقامات پر مزید برف باری ہوسکتی ہے۔ پاکستان ڈزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی نے بھی سیاحوں کو برف باری والے تفریحی مقامات کی سیر کے حوالے سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔30 جنوری کو جاری کی گئی ایک ایڈوائزری میں بتایا گیا تھا کہ گلگت بلتستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بلند علاقوں میں 4 فروری تک معتدل تا غیر معمولی برف باری ہوسکتی ہے۔4 فروری کو جاری کی جانے والی ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ اگلے ہفتے تک برف باری جاری رہ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے برف باری کے بارے میں اتوار کو جاری کی جانے والی اپ ڈیٹ میں بتایا کہ کالام میں 7 انچ برف گئی ہے جبکہ مالم جبہ اور مری میں 4 انچ برف گری ہے، ایڈوائزری کے مطابق گلگت بلتستان میں دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، غانشے اور شگار جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں وادی نیلم، مظفر آباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سُدھانوٹی، کوٹلی، بھمبر اور میر پور میں برف باری ہوسکتی ہے۔خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، شانگلہ، مری اور گلیات میں برف باری متوقع ہے۔کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے مانسہرہ ناران جالکھڈ روڈ کاغان سے بند کرکے سیاحوں کا داخلہ روک دیا ہے۔