
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انٹرا پارٹی انتخابات کا اعلان کردیا، پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات 5 فروری کو ہوں گے۔گزشتہ روز تحریک انصاف کی جنرل باڈی کا اجلاس ہوا تھا، جس میں انٹرا پارٹی الیکشن کی قرارداد منظور کی گئی تھی۔انٹراپارٹی انتخابات کے چیف الیکشن کمشنر رؤف حسن نے شیڈول جاری کردیا، جس کے مطابق کاغذات نامزدگی 2 فروری شام 8 بجے تک وصول کئے جاسکیں گے۔شیڈول کے مطابق 3 فروری دن 10 بجے سے دوپہر دو بجےتک کاغذات کی اسکروٹنی ہوگی، تین فروری شام چھ بجے تک امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گیاعلامیے کے مطابق تین فروری رات 10 بجے تک امیدواروں کی شکایات وصول کی جائیں گی، چار فروری 10 بجے سے دوپہر دو بجے تک ٹریبونل شکایات کی سماعت کرے گا۔اسی طرح 5 فروری صبح 10 بجے سے شام 4بجے تک پولنگ ہوگی اور 6فروری کو نتائج کا اعلان ہوگا۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کے لئے جگہ کا تعین آج ہی ہوگا۔گزشتہ روز پی ٹی آئی کی جنرل باڈی نے رؤف حسن کو متفقہ طور پر تحریک انصاف کا چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا تھا، انٹرا پارٹی انتخابات کے فیصلے تک عمر ایوب پارٹی کے چیف آرگنائزر ہوں گے۔اس کے علاوہ 31 جنوری 2024 تک پاکستان تحریک انصاف کی رابطہ ایپ پر رجسٹرڈ ممبران ہی الیکشن لڑنے اور ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔گزشتہ روز قرارداد میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے عام انتخابات کے لئے نامزد کردہ امیدوار آزاد نہیں سمجھے جائیں گے بلکہ الیکشن کے بعد بھی پی ٹی آئی کا ہی حصہ ہوں گے۔