
محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ جب کہ دھند کی شدت میں کمی کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔طویل خشک موسم کے بعد بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں27 جنوری سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونگی جو31 جنوری تک بالائی علاقوں پر موجود رہیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 27 جنوری کی رات سے 31 جنوری کے دوران گلگت بلتستان ( دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ ، گلگت، گانچھے، شگر)، کشمیر (وادی نیلم، مظفر آباد، پونچھ، بٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور) میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔بلوچستان میں 28 اور 29 جنوری کو کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، بارکھان اور مکران کے ساحلی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دھند پڑنے کا امکان ہے۔