تنخواہ دگنی،غریبوں کیلئے مفت سولرپینل، بلاول نے 10 نکاتی منصوبہ دے دیا

Share

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم الیکشن سے ڈرنے والے نہیں، مقابلہ کرنے والے ہیں، اس بار بھی ہم ڈٹ کے مقابلہ کریں گے اور جیتیں گے، قائدین کو دفن کیا، اس وقت بھی الیکشن لڑنے کے لیے تیار تھے، الیکشن کراؤ، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا، پاکستان کے عوام تیر پر مہر لگا کر منہ توڑ جواب دیں گے، آج بھی کچھ لوگ کسی کے کندھے پر بیٹھ کرسیاست کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم وہ نہیں جو ڈیل کرتے ہیں وہ نہیں جو مخالفین کے کاغذات چھینتے ہیں۔گڑھی خدابخش میں سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی 16ویں برسی پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم بینظیر بھٹو کی 16ویں برسی منارہے ہیں، پیپلزپارٹی کے جیالے دنیا کو پیغام دے رہے ہیں، 16 سال پہلے کچھ قوتوں نے بینظیربھٹو کو شہید کیا، وہ سمجھتے تھے کہ بینظیر کو شہید کرکے قوم کی آواز دبا دیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب کے دوران نعرہ لگایا کہ تم کتنے بھٹو ماروں گے، ہر گھر سے بھٹو نکلے گا۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کو بچاسکتی ہے، پیپلزپارٹی نے کافی کامیابیاں حاصل کی ہیں، بینظیر بھٹو نے 30 سال جمہوریت کے لیے جدوجہد کی، ذوالفقارعلی بھٹو نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا۔انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، آصف زرداری نے کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، ایک ڈکٹیٹر کو نکال کر جمہوریت نے اپنا انتقام لیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام تکلیف میں ہیں، وقت آگیا ہے کہ ایک بار پھر پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں، ملک میں غریبوں کا راج قائم کرنا ہوگا، صرف عوامی راج پاکستان کو مشکلات سے نکال سکتا ہے، غربت اور بے روزگاری تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے، ملکی مسائل کا حل قائد عوام کے منشور میں موجود ہے۔ کسی امتحان سے پیچھے نہیں بھاگے، اس کا مقابلہ کرنے کے لیے سنجیدگی کی ضرورت ہے، آپس کی لڑائی چھوڑ کو حقیقی مسائل پر توجہ دینی ہوگی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پرانے سیاست دان آج بھی تقسیم اور نفرت کی سیاست کررہے ہیں، ایک جیل سے نکلنے کے لیے الیکشن لڑرہا ہے تو دوسرا جیل سے بچنے کے لیے، کوئی جیل جائے یا نہیں،عوام کو اپنے مسائل کا حل چاہیئے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 10 نکات پر عملدرآمد کرلیں تو تمام مسائل کا حل نکال سکتے ہیں، پیپلزپارٹی حکومت کی پہلی ترجیح تنخواہوں کو 5 سال میں دگنا کرنا ہوگا، عوام مہنگائی اور لوڈشیڈنگ سے تنگ آچکے ہیں، عوام بجلی کے بل ادا کرنے سے قاصر ہوچکے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا نظریہ ہے کسان خوشحال تو ملک خوشحال، پیپلزپارٹی ہاری کارڈ اور کسان کارڈ لے کر آئے گی، چھوٹے کسانوں کو براہ راست سبسڈی دیں گے، مزدوروں کو ان کا جائز حق دلائیں گے، مزدوروں کے لیے سوشل سیکیورٹی پروگرام لائیں گے، بینظیر مزدور کارڈ کے ذریعے ان کی مدد کریں گے۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے لیے قرض فراہم کریں گے، ہر ضلع میں نوجوانوں کے لیے یوتھ سینٹر بنائیں گے، یوتھ سینٹر میں لائبریری، ڈیجیٹل لائبریری اور اسپورٹس سینٹر ہوگا۔سابق وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ ہم نے بھوک کا مقابلہ کرنا ہے، غریبوں کے لیے بھوک مٹاؤ پروگرام لے کر آئیں گے، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کا مقابلہ کریں گے، مل کر جدوجہد کریں گے تو مشکل حالات سے نکل پائیں گے، پیپلز پارٹی کے جیالے ملک کو بچائیں گے۔انتخابات کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن کا دن اب نظر آرہا ہے، 8 فروری کو الیکشن ہوگا، امیدواروں سے کہتا ہوں تیاری پکڑو، دما دم مست قلندر ہوگا، تمام جیالے اپنے آپس کے اختلافات بھول کر ایک ہوجائیں۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے بلوچستان کے عوام کو حق دلایا، خیبرپختونخوا نے دہشت گردی اور سلیکٹڈ راج کا مقابلہ کیا، پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کو سنبھالے گی، خیبرپختونخوا میں امن ہوگا تو ملک ترقی کرے گا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ کے عوام نے بار بار پیپلزپارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا، سندھ نے ایک بار پھر بینظیر بھٹو کی جماعت کو جتوانا ہے، سندھ نے مجھے سنچری کراس کرکے جتوانا ہے، کراچی کےعوام نے بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا، کراچی میں تمام ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ کراچی کےعوام نے جیالے کو اپنا میئر بنایا، کراچی کے عوام تیر پر مہر لگا کر پیپلزپارٹی کو جتوائیں گے، پہلی بار ہوگا وفاقی، صوبائی اور بلدیاتی حکومت کراچی والوں کی ہوگی، جنوبی پنجاب کی پسماندگی دور کرکے دکھائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Skip to toolbar