
ویب سائٹ پر پلاٹ فروخت کرنے کا اشتہار دینے والا نوجوان مجتبیٰ علی گاڑی سمیت لاپتہ ہوگیا، جس کے اغواکا مقدمہ سائٹ سپرہائی وے تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔کراچی کے علاقے احسن آباد سے 19سالہ نوجوان کو مبینہ طور پر گاڑی سمیت اغوا کرلیا گیا ہے، نوجوان مجتبیٰ علی کے اغوا کا مقدمہ سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق مقدمہ مغوی نوجوان کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس کے مطابق نوجوان مجتبیٰ نے ویب سائٹ پر پلاٹ فروخت کرنے کا اشتہار دیا تھا، اور مبینہ اغوا کار کامران پاشا نے پلاٹ خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔بیان کے مطابق مبینہ اغوا کار نے مغوی نوجوان کے اہلخانہ سے رابطہ کیا تھا، اور گزشتہ رات نوجوان مجتبیٰ اپنی والدہ، دوست اسامہ اور مبینہ اغوا کار پلاٹ دیکھنے کے لئے نکلے، یہ اپنی گاڑی میں معمار روڈ احسن آباد پہنچے تو کامران پاشا نے اسلحے کے زور پر نوجوان مجتبی کو اغوا کرلیا، جب کہ مبینہ اغوا کاروں نے والدہ اور دوست کو جمالی پل پر اتار دیا۔پولیس کے مطابق بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان نوجوان مجتبیٰ علی کو اغوا کرکے ساتھ لے گئے، پولیس نے مغوی نوجوان کی تلاش شروع کردی ہے۔