
انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے افغانستان کو آخری گروپ میچ میں83 رنز سے شکست دیکر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
دبئی میں جاری اے سی سی انڈر 19کرکٹ ایشیا کپ میں منگل کو افغانستان نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستانی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 303 رنز بنائے جب کہ پوری ٹیم 48 اوورز میں پویلین لوٹ گئی۔اوپنرز شمائل حسین اور شاہزیب خان بالترتیب 75 اور 79 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، اس کے علاوہ ریاض اللہ نے 73 رنز کی اننگز کھیلی۔
اذان اویس 20، طیب عارف 6، عرفات منہاس 4، سعد بیگ اور عامر حسن 8 ، خبیب خلیل 3 اور عبید شاہ ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
محمد ذیشان بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔

304 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کے بیٹرز پاکستانی بولرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکے اور پوری افغان ٹیم 49 ویں اوور میں 220 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
افغانستان کی جانب سے نعمان شاہ 54 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ وفی اللہ اور فریدون نے 32،32 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے عبید شاہ اور طیب عارف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، خوبیب خلیل نے 2، عامر حسین اور شمائل نے ایک ایک وکٹ لی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایونٹ میں پاکستان نیپال اور بھارت کو شکست دے چکا ہے۔
پاکستان نے گروپ اے میں مسلسل 3 کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے ناقابل شکست رہ کر ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
گروپ اے میں پاکستان کے علاوہ بھارت بھی انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔