چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر پی ٹی آئی کچھ نہیں: وکیل لطیف کھوسہ

Share

سابق وزیرِ اعظم کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر پی ٹی آئی کچھ نہیں، فیصلہ معطل نہ ہوا تو چیئرمین پی ٹی آئی کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے اور سیاسی جماعت متاثر ہو گی۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ فوجداری کیس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت جاری ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کی ٹرائل کورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست پر بھی سماعت ہو رہی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق جہانگیری سماعت کر رہے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل لطیف کھوسہ اور الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کا آرڈر معطل کرنے کی درخواست دی ہے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے وکیل لطیف کھوسہ سے استفسار کیا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ سزا معطلی کے حکم کو موڈیفائی کریں۔وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ میں آپ کو بتاتا ہوں کہ میں اس آرڈر میں کیوں ترمیم چاہتا ہوں، 5 اگست کو ٹرائل کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں سزا سنائی، الیکشن کمیشن کو اتنی جلدی تھی کہ 8 اگست کو نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، الیکشن کمیشن نے 5 سال کے لیے نااہل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جس آرڈر کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے یہ نوٹیفکیشن جاری کیا وہ معطل ہو چکا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Skip to toolbar