
تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے انٹر پارٹی انتخابات کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے جمعہ کو انٹر پارٹی الیکشن کروائے جائیں گے، کور کمیٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی مشاورت سے انٹرا پارٹی الیکشن کا فیصلہ کیا ہے۔کور کمیٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف پارٹی کے بلا مقابلہ چیئرمین رہیں گے، لہٰذا پارٹی میں باقی عہدوں پر انتخابات کروائے جائیں گے۔واضح رہے کہ 23 نومبر کو الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا تھا اور پی ٹی آئی کو مشروط طور پر عام انتخابات میں بلے کا انتخابی نشان برقرار رکھا تھا۔ممبر نثار درانی کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے محفوظ دیا جس میں کہا گیا کہ 20 دن کے اندر دوبارہ الیکشن کروائے جائیں اور الیکشن کے بعد 7 دن میں رپورٹ جمع کروائیں۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق 13 ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کیا تھا۔دوسری جانب تحریک انصاف کے منحرف بانی رہنما اکبر ایس بابر نے انٹرا پارٹی الیکشن کی ملک گیر مہم کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کارکن انٹرا پارٹی الیکشن کو یقینی بنانے کیلئے متحرک ہوں، انہیں پارٹی کو تباہی سے بچانے کے لئے آگے آنا ہوگا۔